سرگودھا(آن لائن)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہاہے کہ نااہل وزیراعظم کے خلاف اعلان جنگ ہے، 27 فروری کو اسلام آباد کے لیے نکلیں گے۔سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کب تک عمران خان کی نا اہلی کا بوجھ اٹھائے گا، جب سے یہ حکومت آئی ہے تبدیلی کے نام پر تباہی چل رہی ہے، عوام کے انسانی اور معاشی حقوق پر حملے ہو رہے ہیں، ایک کروڑ نوکریوں، 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا گیا تھا ان کا کیا بنا؟بلاول نے کہاکہ ظالموں نے تجاوزات کے نام پر غریب کے سر سے چھت چھین لی، ایک کروڑ نوکریاں دینا تو درکنار جن کے پاس پہلے سے روزگار تھا وہ بھی چھین لیا گیا، ملک میں ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے، اور وزرا کہتے ہیں کہ پاکستان میں مہنگائی ہے ہی نہیں، ملک میں مہنگائی کے ذمے دار عمران نیازی ہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے شروع سے ہی انہیں سلیکٹڈ کہا تھا، آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل عوام اور غریب دشمن ڈیل ہے، آپ کی ناکامی کا بوجھ غریب عوام پر پڑے گا، زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے لیکن جب سے یہ ناکام حکومت آئی ہے ہماری زراعت تباہ ہوگئی، کسان یوریا کے بحران پر احتجاج کر رہے ہیں،کرپشن پر عوام سے جھوٹ بولا گیالیکن ٹرانسپرنسی کی رپورٹ نے عمران خان کی کرپشن کا بھانڈا پھوڑا دیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آبادپہنچ کر اپنے مطالبات حکومت اور دنیا کے سامنے رکھیں گے، تاریخ میں لکھا جائے گا جیالے دیوار بن کر کٹھ پتلی کے آگے کھڑے تھے، ہم نے ہر مشکل وقت میں ملک کو بحران سے نکالا ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آمریت کامقابلہ کیا ہے۔