کراچی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے میچ میں کراچی کنگز کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تیز بولر نسیم شاہ نے3.3 اوور میں20 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جو انکی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں انکی سب سے اچھی بولنگ کارکردگی تھی۔ انکی اس شاندار بولنگ کی بدولت کراچی کنگز کے سبھی کھلاڑی17.3 اوور میں113 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے15.5 اوور میں دو وکٹ پر114 رنز بناکر میچ آٹھ وکٹ سے جیتا۔
نسیم شاہ نے پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ہے۔ اس میچ سے پہلے وہ کبھی ایک میچ میں 4 وکٹ بھی حاصل نہیں کرسکے تھے۔ انکی یہ کارکردگی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے پاکستان سپر لیگ میں سب سے اچھی بولنگ کارکردگی ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں ایک اننگ میں 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے والے وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پہلے بولر ہیں۔ ان سے پہلے6 بولرز نے 7 مرتبہ ایک اننگ میں 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔
بائیں ہاتھ سے اسپین بولنگ کرانے والے محمد نواز کو اس سے پہلے کوئٹہ کی جانب سے پاکستان سپر لیگ میں سب سے اچھی بولنگ کا اعزاز حاصل تھا۔ انہوں نے اسلام آباد یونایٹیڈ کے خلاف دبئی میں4 فروری2016 کو ہوئے میچ میں 4 اوور میں 13 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ اس میچ میںکوئٹہ نے 8 وکٹ سے جیت حاصل کی تھی۔
پاکستان سپر لیگ میں ابھی تک 8 بولرز نے ایک اننگ میں 5 یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ہے۔اس میں سے 3 بولرزنے ایک اننگ میں چھ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ روی بوپارا کے پاس ہے جنہوں نے کراچی کنگز کی جانب سے لاہور قلندر زکے خلاف شارجہ میں12 فروری2016 کو ہوئے میچ میں 4 اوور میں16 رنز دیکر 6 کھلاڑیوں کو آوٹ کیاتھا۔یہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی انکی سب سے اچھی بولنگ کارکردگی بھی ہے۔ اس میچ میں کراچی کنگز کو 27 رن سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔فہیم اشرف پاکستان سپر لیگ میں سب سے اچھی بولنگ کرانے والے پاکستانی بولر ہیں۔دائیں ہاتھ سے تیز بولنگ کرانے والے اس بولر نے اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے لاہور قلندرز کے خلاف کراچی میں9 مارچ2019 کو ہوئے میچ میں چار اوور میں19 رنز دیکر چھ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ اس میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈ کو49 رنز سے جیت ملی تھی۔
پاکستا ن سپر لیگ میں ایک اننگ میں چھ وکٹ حاصل کرنے والے بولر عمر گل تھے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے کوئٹہ کے خلاف7 مارچ 2018 کو دبئی میں انہوں نے چار اوور میں 24رنز دیکر چھ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ اتنی شاندار بولنگ کی بدولت ملتان سلطانزکو اس میچ میں دو وکٹ سے سب شکست ہوئی تھی۔نسیم شاہ نے ابھی تک جو34 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں انکی34 اننگزمیں30.64 کی اوسط کے ساتھ31 وکٹ لیے ہیں۔