ایم ایم سی اے کے تحت پریزیڈنٹ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی تقریب تقسیم انعامات

300

مدینہ منورہ کرکٹ ایسوسی ایشن (ایم ایم سی اے) کے زیرانتظام پریزیڈنٹ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلا گیا، جو دو حصوں پر مشتمل تھا۔ پہلا حصہ ٹی 20 اور دوسرا حصہ ٹی10پر مشتمل تھا۔ مجموعی طور پر 22 ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کا دورانیہ 3 ماہ ہر محیط رہا۔ تمام مقابلے العاقول کرکٹ کمپلیکس مدینہ منورہ میں منعقد کیے گئے۔
ٹی 20 کا فائنل مائی کیرھالہ اورکراؤن اسٹیل کے درمیان کھیلا گیا جسے مائی کیرھالا نے با آسانی جیت لیا جبکہ ٹی 10 ٹورنامنٹ اسکا ئی وار نے اپنے نام کیا۔ فائنل کے بعد العاقول کرکٹ گراؤنڈ 1 پرتقریب تقسیم انعامات ہوئی، جس کے مہمان خصوصی انجینئرعماد العود البلادی تھے۔ تقریب میں کھلاڑیوں کے علاوہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نمایاں مہمانوں میں امتیاز مغل، محمد فاروق، افتخارعلی اشرف، ساجد علی، عبدلقادرنکیانہ اورمدینہ منورہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید زاہد علی شامل تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے فیاض نے کیا جس کے بعد مدینہ منورہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر حماد سعید نے استقبالیہ خطاب کیا اور ٹورنامنٹ کے بارے میں مختصر طور پر مہمانوں کو آگاہ کیا۔ محمد فاروق، امتیاز مغل ، افتخارِعلی اشرف نے حماد سعید کو بہترین بولر، شجاع چدڑ بہترین بیٹسمین اور بلال کو مین آف دی ٹورنامنٹ کا انعام پیش کیا۔
مہمان خصوصی عماد عود البلادی نے مائی کیرھالا کےکیپٹن فیصل نوید کو ٹی20 وننگ ٹرافی، ٹی 10 کے ونر اسکائی وار کے عبدالرحمن ، مین آف دی فائنل جواد اور امپائرز سعیداورارشدرضا کو ٹرافیاں دیں۔ مہمان خصوصی نےاپنے خطاب میں مدینہ منورہ کرکٹ ایسوسی ایشن کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ اور فائنل کی تقریب کے عمدہ انتظامات پر نائب صدر ایم ایم سی اے امانت علی اور ان کی ٹیم کی تعریف کی اور خدمات کو سراہا۔