جہلم (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ یہ ملک مریم نواز اور بلاول زرداری کے حوالے نہیں کیا جا سکتا، تمام سیاسی جماعتیں عمران خان کے آگے ڈھیر ہیں، بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے سازش ہے تاہم پاکستان کو توڑنے کی کوشش ناکام ہو گی اور ایک ایک خون کے قطرے کا حساب لیں گے، پاکستان درست سمت میں جا رہا ہے اور ہم نے معیشت کو بہتر کیا جبکہ نواز شریف اینڈ کمپنی نے ملکی معیشت کا برا حال کیا اور اسحاق ڈار اینڈ کمپنی نے بھی ملکی معیشت کا بیڑا غرق کیا، ہماری صنعتیں آج بحال ہیں اور اب ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ بلوچستان میں پاک فوج کے جوان شہید ہوئے، ان کی فیملیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، پاکستان کا ہر فرد پاک فوج کے شہید جوانوں کا احسان مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی دشمنوں کو ناکوں چنے چبوائے تھے، اب بھی پوری طرح تیار ہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہپاکستان درست سمت میں گامزن ہے، ہم نے معاشی استحکام حاصل کیا ہے۔ اسحق ڈار اور نواز شریف نے معیشت کا کباڑا کیا، ہم اسے نہیں بھول سکتے۔ ہم نے معیشت کی دوبارہ بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہمیڈیا ہائوسز کے منافعے میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا، میڈیا مالکان سے گزارش ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کریں۔ پاکستان کی سیاست میں کہرام مچانے کی کوشش ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہسینیٹ میں اپوز یشن کو برتری حاصل تھی، برتری کے باوجود اپوزیشن ناکام ہوئی۔ ثابت ہو گیا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں حکومت کو اکثریت حاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کا دورہ چین اہمیت کا حامل ہوگا، اس دورے سے پاکستان اور چین کے مابین روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ وزیراعظم اگلے چند ماہ کے دوران مزید غیر ملکی دورے کریں گے، ان دوروں سے خارجہ پالیسی کو استحکام ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ مریم اور بلاول کا قد نہیں کہ وہ قومی لیڈر بن سکیں، انہیں چاہیے کہ وہ پہلے میئر کا الیکشن لڑیں، اپوزیشن جماعتوں کی نہ پارلیمان کے اندر اور نہ باہر کوئی قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو مولانا فضل الرحمن کے مدرسوں کے بچوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے،ان بچوں کی بنیاد پر وہ حکومت کے خلاف تحریک چلا لیں گے تو ایسا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہمریم نواز اور نواز شریف سے ہماری ذاتی لڑائی نہیں، ہم ان سے لوٹی ہوئی دولت واپس لانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہبرطانوی حکومت نے نواز شریف کے ویزے میں توسیع کی 2 اپیلیں مسترد کر دی ہیں۔ اس لیے ابھی سے انہوں نے کہنا شروع کر دیا ہے کہ وہ پاکستان آ رہے ہیں، چودھری فواد حسین نے کہا کہ ن لیگ کے اندر بھی شدید لڑائی ہے، اسی طرح پیپلز پارٹی میں بھی استحکام نظر نہیں آتا۔ اگر کسی کا خیال ہے کہ ہم احتساب کے عمل سے پیچھے ہٹ جائیں گے تو ہمارا ووٹر اس بات کی اجازت نہیں دیتا۔ راوی منصوبہ ہائوسنگ سوسائٹی نہیں، پورا شہر بن رہا ہے۔