لاہور( این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری سے سابق وزرائے اعظم اور لانگ مارچ آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشرف نے ملاقات کر کے 27فروری کو لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ بلاول ہائوس لاہور میں ہونے والی ملاقات میں چیئرمین بلاول زرداری نے دونوں رہنمائوں کو27فروری کے لانگ مارچ کے حوالے سے اہم ٹاسک سونپ دیے ۔ ملاقات میں لانگ مارچ کے اہداف پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ بلاول زرداری نے کہا کہ لانگ مارچ سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف مختلف حوالوں سے پروپیگنڈے کا آغاز ہوچکا ہے، کراچی سے اسلام آباد تک سلیکٹڈ حکومت پاکستان پیپلزپارٹی کو لانگ مارچ کی وجہ سے خاص طور پر ہدف بنا رہی ہے ، حکومتی ہتھکنڈوں اور پروپیگنڈے کے باوجود لانگ مارچ ہوکر رہے گا اورحکومتی چالیں دھری کی دھری رہ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فروری سے اسلام آباد کا مطلع ابرآلود نظر آرہا ہے ۔