منی لانڈرنگ کیس: شہباز اور حمزہ کو شامل تفتیش کرنیکا حکم

159

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت کا منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کو شامل تفتیش کرنے کا حکم، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 2 روز میں 2، 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزمان ضمانت کی درخواستوں کا حتمی فیصلہ ہونے تک ہر سماعت پر پیش ہوں۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت پہلے بینکنگ کورٹ میں زیر سماعت تھی۔ تاہم دائرہ اختیار نہ ہونے پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے بینکنگ کورٹ سے ضمانت کی درخواستیں واپس لے کر اسپیشل سینٹرل عدالت میں دائر کی تھیں جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے مقدمے کا چالان اسپیشل سینٹرل کورٹ میں جمع کرایا گیا ہے۔ عدالت نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔