گلگت میں یکے بعد دیگرے زلزلے کے 3 جھٹکے،شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے

3992

گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں یکے بعد دیگرے زلزلے کے 3 جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ضلعی پولیس کے مطابق جھٹکے شدید تھے تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔میڈیا کے مطابق گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں استور، جگلوٹ اور بونجی میں یکے بعد دیگرے زلزلے کے 3 جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلے سے مقامی افراد خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا۔

ضلعی پولیس کے مطابق چند روز قبل صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقوں مالاکنڈ، بٹگرام، لوئر دیر، صوابی اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 108 کلو میٹر تھی اور مرکز افغانستان تاجکستان بارڈر تھا۔