سرحدوں کی حفاظت پر مامور جوان ہمارا فخر ہیں، نواز شریف

119

لاہور،لندن(مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں10بہادر فوجی جوانوں کی شہادت پر انتہائی دکھ ہوا، وطنِ عزیز کی سرحدوں کی حفاظت پر مامور یہ جوان ہمارا فخر ہیں، دکھ کی گھڑی میں میری ہمدردیاں شہداءکے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے تعزیتی ٹویٹ میں کہا کہ بلوچستان کے علاقے کیچ میں دس بہادر فوجی جوانوں کی شہادت کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔وطنِ عزیز کی سرحدوں کی حفاظت پر مامور یہ جوان ہمارا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں میری ہمدردیاں شہداءکے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ شہداءکے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے۔آمین ۔ صدرمسلم لیگ ن شہبازشریف نے کہا کہ دہشت گردی کی تازہ لہر زیادہ مہلک ہے جس کا مقصد دہشت گردی کے خلاف ہماری کامیابیوں کو ضائع کرنا ہے۔قوم پوری قوت کے ساتھ اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہمیں ان کی عظیم قربانیوں پرفخر ہے۔ نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کیچ میں 10 فوجی جوانوں کی شہادت کا سن کر دل بہت افسردہ ہے، وطن عزیز کی محبت میں جان قربان کردینے والے بہادر جوانوں اور ان کے خاندانوں کو ہم سب کا سلام۔ اللّہ شہدا کو بہترین جزا عطا فرمائے اور ان کے پیاروں کو صبر جمیل دے،آمین۔