کراچی (سید وزیر علی قادری)حسین طلعت اور کپتان شعیب ملک کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 5 وکٹوں سے ہرا کر پی ایس ایل 7 میں پہلی جیت اپنے نام کرلی۔ حسین طلعت نے 29 گیندوں پر 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، شعیب ملک نے 4 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 48 رنز بنائے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹر زکو بیٹنگ کی دعوت دی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ول سمیڈ اور احسان علی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ ول سمیڈ نے 62 گیندوں پر 11 چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 97 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ احسان علی نے 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد اور 158 کے اسٹرائیک ریٹ سے 73 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 155 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔پشاور زلمی
کے عثمان قادر اور ثمین گل نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پشاور زلمی نے 191 رنز کا مطلوبہ ہدف آخری اوور کی2 گیندیں قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ،77 کے مجموعے پر ابتدائی 3 وکٹیں گنوانے کے بعد مڈل آرڈر بلے باز حسین طلعت نے 29 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 52 رنزبنا کر میچ میں سنسنی پھیلا دی انہوں نے چوتھی وکٹ کے لیے کپتان شعیب ملک کے ہمراہ 81 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس موقع پر پشاور زلمی کوجیت کے لیے آخری 3اوورز میں 30 رنز درکار تھے۔کپتان شعیب ملک نے شیرفین ردر فورڈ کے ہمراہ جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پشاور زلمی کو فتح دلادی۔ انہوں نے 32 گیندوں پر 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 48 رنز بنائے۔ شیرفین ردر فورڈ 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اسپنر محمد نواز نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔