بیجنگ(اے پی پی):چینی نئے سال سے قبل چین کے سب سے بڑے شہر اور عالمی مالیاتی مرکز شنگھائی کی مشہور شاپنگ سٹریٹ نانجنگ روڈ پر پاکستانی دستکاری پر مبنی پویلین کا آغاز کیا گیا۔ پویلین میں لوگوں کے لیے پاکستانی دستکاری کے نمونے جیسے پیتل سے بنے پھولوں کے گلدانوں کو کارنر سٹون کے طور پر رکھے گئے۔ ونزا جیولری کے بانی اور سی ای او اٹلانٹس کمپنی لمیٹڈ عقیل احمد چوہدری نے چینی خبر رساں ویب سائٹ چائنا اکنامک نیٹ(سی ای این)کو بتایا کہ ان شاندار اور خوبصورت پاکستانی مصنوعات کو چین جیسے بیرون ملک میں فروغ دینا حیرت انگیز ہے۔سی ای او کے پرسنل اسسٹنٹ محمد جاوید نے کہا کہ پاکستانی دستکاری پویلین کا مقصد چین میں پاکستان اور پاکستانی آرٹ کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دستکاری بنانے کی ایک طویل تاریخ اور وسیع پیمانے پر خصوصیات ہیں۔منفرد دستکاری تیار کرنا ہمیشہ سے پاکستان کی روایت رہی ہے جبکہ درحقیقت یہ فن ہزاروںسالوں سے رائج ہے۔ مختلف ساخت، خوبصورت اور منفرد کڑھائی اور خوبصورت رنگوں کی حامل دستکاری پاکستانی دستکاری کو دوسروں سے ممتاز کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دستکاری عام طور پر پیتل سے بہت میکانکی انداز میں بنتی ہے۔ پاکستانی دستکاری عام طور پر مختلف شکلوں اور ڈیزائنوں میں بنتی ہے۔پاکستان کی جغرافیائی حدود میں ثقافتوں کی بہت سی اقسام ہیں کیونکہ تاریخ کے مختلف ادوار میں مختلف تہذیبوں نے اسے متاثر کیا ۔