پی ایس ایل ، شائقین کرکٹ سخت سیکورٹی اور ایس او پیز سے پریشان

234

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان کرکٹ بورڈ کا سب سے بڑا برانڈ پاکستان سپر لیگ 7کا دوسرا روز بھی شائقین کرکٹ کیلیے کٹھن رہا، نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے انکلوثرز تک پہنچنے کے لیے شائقین کو سیکورٹی اور ایس او پیز کے کڑے امتحان سے گزرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری پی ایس ایل کے دوسرے روز شائقین کرکٹ کو این ای او سی کی سخت کووڈ ایس او پیز کے کٹھن مرحلے سے گزرنا پڑا، مین گیٹ تک آنے کے لیے شائقین کو پہلے سیکورٹی چیکنگ کا مرحلہ عبور کرنا پڑتا ہے جس کے بعد ایس او پیز اور پھر اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ملتی ہے۔ اس دوران چھوٹے قد والے بچوں کو داخلے میں بھی کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ ب فارم دکھانے کے باوجود سیکورٹی پر مامور اہلکاروں نے بڑی مشکل سے اندر جانے کی اجازت دی ۔ اس دوران سیکورٹی کی سختیاں محض شائقین کرکٹ کے لیے نظرآئیں، تاہم دیگر اہلکار حسب سابق روایت برقراررکھتے ہوئے 25فیصد پابندی کو ہوا میں اڑاتے ہوئے اپنے اپنوں کو اندر داخل کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھے۔ صحافیوں کو کھلے انکلوژر میں پیشہ ورانہ خدمات کی انجام دہی پر دوسرے رو ز بھی مشکلات کا سامنا رہا۔ دوسرے میچ میں شائقین کرکٹ تعداد افتتاحی روز سے کم دکھائی دی۔ اس سے قبل نیشنل اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن کے موقع پر انگلینڈسے تعلق رکھنے والے ٹام کوہلر کیڈمورنے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان آنے سے قبل ہی نئی ثقافتی زلمی کٹ دیکھ کر متاثر ہوئے تھے۔