حکومت اور اپوزیشن نے میچ کھیل کر ملک کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دھکیل دیا، سراج الحق

165

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سینٹ میں حکومت اور اپوزیشن نے فرینڈلی میچ کھیل کر ملک کو آئی ایم ایف کی مکمل غلامی میں دھکیل دیا۔

اسٹیٹ بنک بیچنے اور منی بجٹ پاس کرانے پر دونوں اطراف کو برابر کا شریک سمجھتا ہوں۔قوم دیکھ رہی ہے، حکمران اشرافیہ کن کن طریقوں سے ملکی خودمختاری کا سودا کررہی ہے۔ ملکی تاریخ کی اہم قانون سازی کے موقع پر ایوان بالا میں اپوزیشن ارکان کی غیرحاضری بعید از قیاس نہ تھی۔ جماعت اسلامی شروع دن سے کہہ رہی ہے کہ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی میں لڑائی ظاہری اور قوم کو بے وقوف بنانے کے لیے ہیں۔ حکمران اشرافیہ استعمار کی غلامی میں ایک ہے۔ امریکہ اور عالمی اداروں کی چوکھٹ پر سب سجدہ ریز ہیں۔ ساڑھے تین برسوں میں ہر اہم موقع پر بڑی اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کو سپورٹ کیا۔

آئی ایم ایف یا ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر سر تسلیم خم کرنا ہو یا آرمی چیف کی ایکسٹینشن کا معاملہ ہو صرف جماعت اسلامی ہی میدان میں ڈٹی رہی۔ تینوں بڑی جماعتیں ملکی اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کی آشیرآباد چاہتی ہیں۔ عوام بے یارومددگار، مہنگائی اور غربت کی چکی میں پس رہے ہیں۔ معیشت کی زبوں حالی، پچاس ہزار ارب ملکی قرضے، اربوں ڈالر کا تجارتی خسارہ، مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان، اربوں کے گردشی قرضے، حکومت کی تباہ کن پالیسیوں کی وجہ سے نسلیں غلام بن گئیں۔ جماعت اسلامی 6 فروری سے ملک بھر میں ایک سو دھرنے دے گی۔ ظالم اشرافیہ اور فرسودہ نظام کے خلاف فیصلہ کن ایک سو ایک واں مارچ، مارچ میں ہوگا۔ ان شاءاللہ عوام کی طاقت سے جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں سے نجات حاصل کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے بلوچستان میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات اور سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کیچ میں دس فوجی جوانوں کی شہادت پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے تدارک کے لیے پاک آرمی کی کاوشوں کے ساتھ ہیں۔ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک دفعہ پھر پاکستان میں خونریزی کا بازار گرم چاہ رہا ہے۔

نئی دلی واشنگٹن کے ساتھ افغانستان میں شکست پر اپنے زخم چاٹ رہی ہے اور مودی حکومت افغانستان میں شکست کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتی ہے۔ ہمارے حکمرانوں اور سیکیورٹی اداروں کو بھارتی سازشوں کے جواب کے لیے جامع حکمت عملی وضح کرنا ہوگی۔ بدقسمتی سے حکمرانوں نے کشمیر کے مسئلہ پر مودی حکومت کے سامنے گھٹنے ٹیک کر اسے شہ دی ہے کہ پاکستان کمزور ملک ہے۔ حکمرانوں نے بزدلی کا ثبوت دیا جس پر قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکمران بلوچستان کی عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے، بلوچستان کے عوام بھیک نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی اور سابقہ حکومتوں نے بلوچ عوام کو دھوکا دیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی نے تاریخی جدوجہد کے ذریعے شہرکراچی کو اس کا حق دلایا ہے۔ 28 روزہ دھرنے میں جماعت کے کارکنان نے جس استقامت کا ثبوت دیا، وہ سیاسی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، پوری قیادت اور کارکنان کو مبارکباد، جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔لوکل گورنمنٹ پر جماعت اسلامی اور سندھ حکومت کے درمیان معاہدہ ایک اچھی پیش رفت ہے۔ کراچی کو مکمل حقوق کی فراہمی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ کراچی کو ایک دفعہ پھر نعمت اللہ خان جیسے میئر کی ضرورت ہے، جو ان شاءاللہ جماعت اسلامی فراہم کرے گی اور کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائے گی۔

قبل ازیں جامع مسجد منصورہ میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سودی معیشت سے جان چھڑا کر اور اسلامی معیشت کا ماڈل اپنا کر ہی ملکی اکانومی بہتر ہوسکتی ہے۔ اسلامیان پاکستان ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ استعماری طاقتوں کے ایجنٹوں کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ غیور پاکستانی قوم کی تقدیر کا فیصلہ کریں۔ قوم ظالموں کا ساتھ نہ دے اور ان لوگوں کو اچھی طرح پہچان لے جنہوں نے ملک کا سودا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی فلاحی پاکستان بنائے گی۔