دبئی ایکسپو میں شرکت سے سرمایہ کاری پاکستان آئے گی، اسد قیصر

358

پشاور: سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ افغانستان میں حالات معمول پر آ رہے ہیں، معیشت کا ایک دروازہ سنٹرل ایشیاء اور دوسرا پشاور سے ہوتا ہوا ڈیرہ اسماعیل خان اور گوادر سے ملے گا جس کے معیشت پر دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔

دبئی ایکسپو میں سرمایہ کاری کی خیبرپختونخوا میں سیاحت، آئی ٹی، صنعت، رش کئی سپیشل اکنامک زونز، زراعت اور دیگر محکموں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین میں خیبرپختونخوا کی اختتامی تقریب کے موقع پر کیا۔

ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کیپٹن (ر) کامران احمد آفریدی، سی ای او خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ حسان دائود بٹ، ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان رضوان طارق، پاکستان بزنس کونسل کے صدر قیصر انیس، ڈائریکٹر کے پی سی ٹی اے یوسف خان سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ اختتامی تقریب کے موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے زوم کے ذریعے کانفرنس میں شرکت کی۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین میں خیبرپختونخوا حکومت نے بہترین انداز میں شرکت کی اور ساتھ ہی بہترین انداز میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سیاحت، ثقافت، ایڈونچر ٹورازم، انٹی گریٹڈ ٹورازم زونز، صوابی ریکریشنل پارک، بینک آف خیبر، آئی ٹی، خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ، صنعت، زراعت، معدنیات، انرجی اینڈ پاوور اور دیگر محکموں میں کی جانے والی سرمایہ کاری سے متعلق اپنے پراجیکٹ کامیابی سے پیش کئے۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپو میں 192 ممالک کی شرکت اور ان کو اپنے پراجیکٹ پیش کرنا بہترین اقدام تھا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی ٹیموں کی ایکسپو میں شرکت اور ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر تعریف کی اور اقدامات کو سراہا۔