چین ، جاپان ، تائیوان کی ایس ایم ایز کا حجم اربوں ڈالرز ہے ، پرویز حنیف

630

لاہور(کامرس ڈیسک )کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن و لاہور چیمبر کے سابق صدر پرویز حنیف نے کہا ہے کہ ایس ایم ایزپالیسی میں صرف قرضے دینے کا اعلان کر دینا کافی نہیں بلکہ جو لوگ چھوٹی انڈسٹری سے منسلک ہونا چاہیںیا پہلے سے منسلک ہیں ان کی ہر حوالے سے موثر رہنمائی اور خصوصاً انہیں مصنوعات کی تیاری کے بعد مارکیٹ تک لے جانا نا گزیر ہے ، چین ، جاپان ، تائیوان کی ایس ایم ایز کا حجم اربوں ڈالر زمیں ہے جس کی بنیادی وجہ پالیسی کی تشکیل کے بعد اس کا تسلسل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کے لیے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پرویز حنیف نے کہا کہ موجودہ حکومت سے پہلے بھی کئی ایس ایم ایز پالیسی کا اجراء ہو چکا ہے لیکن بتایا جائے ان پر کتنا عمل ہوا اور ہم اس سے اپنا حجم کتنا بڑھا سکے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پالیسی میں صرف قرضوں کا اعلان کر دینا کافی نہیں ہے بلکہ جو چھوٹی انڈسٹری کی طرف آنا چاہیں انہیں ان مصنوعات کی تیاری کی طرف راغب کرنا ہے جو ہماری اور دنیا کی ضرورت ہے اور پھر انہیںمارکیٹ کی راہ بھی دکھانی ہے۔بیرون ملک میں اس انڈسٹری کے لئے ٹریڈ اور ڈسپلے سنٹرز بنے ہوئے ہیں اور ان ممالک میں ایس ایم ایز کا حجم اربوں ڈالر زمیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ پالیسی کے تسلسل کے لئے ادارے بنانے کی ضرورت ہے تاکہ اس طرز کی پالیسیوں کو کسی کے آنے جانے سے کوئی فرق نہ پڑے جب تک سیاسی عمل دخل رہے گا پالیسیاں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں۔