لاہور ہائیکورٹ نے راوی اربن پرجیکٹ کو کالعدم قرار دے دیا

346

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائی کورٹ نے راوی اربن پروجیکٹ کو غیر قانو نی اور غیرآئینی قراردیتے ہوئے کالعدم قراردے دیاجبکہ عدالت نے فوری طورپر کام روکنے کا بھی حکم دیا ہے۔ عدالت نے روڈا ایکٹ کے ترمیمی آرڈیننس کو بھی غیر قانونی اور غیر آئینی قراردیتے ہوئے کالعدم قراردے دیا ہے۔ عدالت نے قراردیا ہے کہ منصوبہ کا ماسٹر پلان مقامی حکومت کے ساتھ مل کر نہیںبنایا گیا جو کہ غیر قانونی ہے۔عدالت نے قراردیا ہے کہ زرعی اراضی کو قانو نی طور پر حاصل کیا جاسکتا ہے اور اس منصوبہ کے لیے جوایک لاکھ 7 ہزار ایکڑزرعی زمین حاصل کی گئی وہ غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قراردیا ہے کہ حکومت نے ریور راوی پروجیکٹ کے لیے قوا عد وضوابط پورے نہیں کیے۔عدالت نے 21 دسمبر کو درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے وقار اے شیخ ، شیرازذکاء اوردیگر کی جانب سے دائر کی جانب سے دائر درخواستوں پر محفوظ فیصلہ کھلی عدالت میں سنایا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قراردیا ہے کہ لاہور اور شیخوپورہ کے لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر قانون پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہے ہیں۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ 1894کے قانون کی خلاف ورزی کرکے اس منصوبہ کے لیے زمین حاصل کی گئی تھی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں حکم دیا ہے کہ روڈا تھارٹی ، پنجاب حکومت سے لیا گیا5ارب روپے کا قرض فوری طور پر پنجاب حکومت کو واپس کرے۔ جہاں منصوبہ بن رہا تھا وہاںکے اراضی مالکان کی جانب سے بھی درخواست دائر کی گئی تھی اورمؤقف اختیار کیا تھا کہ کوڑیوںکے بھائو ان کی زمین منصوبے کے لیے خریدی گئی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ماحولیاتی ایجنسی سے منصوبہ کی اجازت نہیںلی گئی، نجی لینڈڈویلپرز کو فائدہ دینے کے لیے یہ منصوبہ شروع کیا گیاجو کہ غیر قانونی ہے۔ عدالت نے تمام دائر درخواستوں کو منظور کر لیا اور ریورراوی اربن منصوبہ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ اگر پنجاب حکومت دوبارہ یہ منصوبہ کرنا چاہتے تواس سے قبل اسے قانون سازی کرنا ہو گی۔ عدالت نے کیس کا مختصر فیصلہ سنایا ہے جبکہ تحریری فیصلہ بعد میں سنایا جائے گاجبکہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ پنجاب حکومت عدالتی فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل دائرکرے گی ۔علاوہ ازیں پنجاب حکومت اورراوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے لیے مشاورت کی گئی۔ پنجاب حکومت اور روڈ اتھارٹی علیحدہ علیحدہ اپیلیں دائر کریں گے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے حکومت اور چیئرمین روڈ اتھارٹی کے ساتھ اس سلسلے میں وسیع مشاورت کی ۔مزیر برآں معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب و ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو قانونی ٹیم دیکھ رہی ہے، فیصلے کے حوالے سے تمام قانونی آپشنز پر غور کیا جارہا ہے۔