کرپشن میں ترقی کا کریڈٹ وزیراعظم و کابینہ کو جاتا ہے، ترجمان بلاول

176

لاہور (نمائندہ جسارت) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری کے ترجمان ذوالفقار علی بدر نے کہا ہے کہ کرپشن کی فہرست میں صرف ایک سال میں 124ویں نمبر سے 140ویں نمبر پر آنے کا کریڈٹ عمران خان اور ان کی کرپٹ کابینہ کو جاتا ہے، عمران خان اور ان کے سرمایہ دار دوستوں نے ملک میں کرپشن کی انتہا کردی، پی ٹی آئی کی لوٹ مار کی وجہ سے ملک میں مہنگائی بڑھی۔ پاکستان میں کرپشن میں ہوشربا اضافے کی ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے بعد عمران خان کی حکومت کا کوئی جواز نہیں رہ جاتا، عمران خان کرپشن ختم کرنے کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آئے، کرپشن ختم نہیں ہوئی لہٰذا اب وہ گھر جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے مشیر احتساب کی چھٹی کے اگلے روز پی ٹی آئی کے کرپشن کے خلاف بیانیے کی بھی چھٹی ہوگئی۔ پاکستان کی کرپشن رینکنگ میں 16 درجے کا اضافہ پی ٹی آئی کے کرپشن کے خلاف نام نہاد بیانیے پر ایک زور دار طمانچہ ہے۔