دوسروں پر الزامات لگانے والوں کو عالمی ادارے چور قرار دے رہے ہیں ، شہباز شریف

165

لاہور( نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دوسری بار گواہی دی کہ عمران نیازی حکومت کرپٹ اورچور ہے، عالمی ادارے کی رپورٹ فرد جرم ہے۔ پاکستان میں کرپشن میں اضافے کی ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکومت پر فرد جرم ہے، کرپشن کرپشن کا شور مچانے والوں کی ہر روز چوریاں پکڑی جا رہی ہیں ۔پاکستان میں کرپشن میں اضافے کی ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر رد عمل دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دوسری بار گواہی دی کہ عمران نیازی حکومت کرپٹ اورچور ہے، عالمی ادارے کی رپورٹ فرد جرم ہے لہٰذا کرپٹ حکمران استعفا دیں کیونکہ ملک ان کی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی وزارت عظمیٰ میں پاکستان کرپشن میں تیزی سے ترقی کررہا ہے، دنیا کہہ رہی ہے کہ وزیراعظم چور ہے، کرپشن کے عالمی انڈیکس میں پاکستان کا 16 درجے مزید نیچے جانا افسوسناک ہے، دکھ ہے کہ عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی ایمان دار اور اہل قیادت میں پاکستان میں کرپشن میں کمی آئی تھی، ہماری گڈ گورننس، شفافیت اور اصلاحات سے کرپشن انڈیکس میں رینکنگ 23 درجے بہتر ہوئی تھی، افسوس موجودہ کرپٹ ٹولے نے ساری محنت ضائع کر دی۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ کرپشن کرپشن کا شور مچانے والوں کی ہر روز چوریاں پکڑی جا رہی ہیں، دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو عالمی ادارے چور اور کرپٹ قرار دے رہے ہیں، 2019 سے 2021 تک ہر سال پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان میں کرپشن بڑھی جب کہ ہمارے دور میں ہر سال کرپشن میں کمی واقع ہوئی۔