ٹرانسپرنسی رپورٹ: شہباز شریف نے حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا

309

اسلام آباد: قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ٹرانسپرنسی انٹرنشینل کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ عالمی ادارے کی رپورٹ فرد جرم ہے، کرپٹ حکمران استعفیٰ دیں، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے دوسری بار گواہی دی ہے کہ حکومت کرپٹ اور چور ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک حکمرانوں کی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہو سکتا، عمران نیازی کی حکومت میں پاکستان کرپشن میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن عالمی انڈیکس میں پاکستان کا 16 درجے مزید نیچے جانا افسوسناک ہے، دکھ ہے کہ عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ترقی ہوئی تھی، موجودہ کرپٹ ٹولے نے محنت ضائع کر دی، ن لیگی دور میں پاکستان کی رینکنگ بہتر ہوکر 117 پر آگئی تھی۔