نوابشاہ (نمائندہ جسارت)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون شہید بینظیر آباد سونیا کلیم نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی پانچویں نئی لہر کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے جاری کردہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ ضلع بھر کی عوام کو کوروناسے بچایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویکسین شدہ افراد گھروں سے نکلتے وقت ماسک کالازمی استعمال کریں، جبکہ بازاروں میں دکاندار اور خریدار ماسک کے استعمال کے ساتھ ساتھ کورونا سے بچاو¿ کی ویکسین ضرور کرائیں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نے تاجر برادری کے نمائندوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایس او پیز پر عمل درآمد کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں تا کہ بازاروں میں لاک ڈاﺅن کی نوبت ہی پیش نہ آئے۔