ملتان (آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہحالات مشکل ہیں‘ اس سے انکار نہیں‘ مہنگائی کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘ جنوبی پنجاب کے لیے اب عملی اقدامات کی ضرورت ہے‘ صدارتی نظام سے متعلق ہوا میں غبارے چھوڑے جاتے ہیں‘ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی‘ 2023ء میں سرپرائز دیں گے‘ بلاول اسلام آباد تو ہم کراچی کی طرف نکلیں گے‘ پاکستان نے دہشت گردی کا بہترین حکمت عملی سے مقابلہ کیا۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے ہم نے چین، عرب امارات اور دوست ممالک سے مدد لی‘ عوام کو مہنگائی کا سامنا ہے جس کا ہمیں احساس ہے اور ہم نے کورونا میں بھی معیشت کو بہتر کرنے کی کوشش کی‘ کورونا کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشت سکڑ گئی ہے لیکن ہمارے ملک کی معیشت پہلے سے اب بہتری کی جانب گامزن ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شہباز شریف اور بلاول زرداری کو جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق خط لکھا جس میں جنوبی پنجاب سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا لیکن آئینی ترمیم کے بغیر جنوبی پنجاب صوبے کا قیام نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حالات مشکل ہیں اس سے کوئی بھی انکاری نہیں ہے‘ دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔