شاداب اور وہاب پی ایس ایل کے کامیاب کپتان

185

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی2016سے جاری پاکستان سپر لیگ کی 2 سب سے کامیاب ٹیمیں ہیں،یہ دونوں ٹیمیں لیگ کے پہلے دونوں ایڈیشنز کی فاتح سائیڈز بھی ہیں،اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل 2016 کا ٹائٹل جیتا جبکہ پشاور زلمی ایڈیشن 2017 کی فاتح ٹیم ہے،2 مرتبہ کی پی ایس ایل چمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کا لیگ میں جیت کا تناسب 56.16 فیصد ہے،4 مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی پشاور زلمی کی ٹیم کا جیت کا تناسب 55.07ہے،شاداب خان پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے نوجوان کپتان ہیں، انہیں 2020 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا کپتان مقرر کیا گیا تھا، ان کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے 23 میچز کھیلے اور 12 جیتے،وہاب ریاض نے 18 میچز میں پشاور زلمی کی قیادت کرتے ہوئے 9 میں فتوحات حاصل کیں،لیگ اسپنر شاداب خان نے 2017 میں اپنا پی ایس ایل ڈیبیو کیا،وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مڈل اوورز کے عمدہ بولر ہیں، وہ اننگز کے 7 سے 16 اوورز میں اب تک 41 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، جو اس ٹورنامنٹ میں ان اوورز میں کسی بھی کھلاڑی کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں،وہ اب تک تین نصف سنچریوں کی مدد سے لیگ میں 532 رنز بھی بناچکے ہیں جبکہ دوسری طرف وہاب ریاض اب تک پی ایس ایل میں 94وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔