لاہور (آن لائن) لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس اور رمضان شوگر ملز ریفرنس کے 2 الگ الگ کیسوں کی سماعت 27 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے شہباز شریف کی ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی،عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست واپس لینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے دائر درخواست واپس کردی۔ جمعرات کے روز احتساب
عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کی جبکہ رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت نمبر 5 کے جج محمد ساجد علی نے کی۔ عدالتی حکم پر دونوں کیسوں میں شہباز شریف کی طرف سے حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی جس میں عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ شہباز شریف کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں لہٰذا حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے جس پر عدالت نے درخواست منظور کرلی۔ حمزہ شہباز نے دونوں کیسوں میں عدالت میں پیش ہوکر اپنی حاضری مکمل کرائی دیگر ملزمان نے بھی پیش ہوکر اپنی حاضری لگائی۔