پی ایس ایل ، 25فیصد تما شائیوں کو داخلے کی اجازت

246

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر نے پاکستان سپر لیگ 7 کے پہلے مرحلے میں 25 فیصد تماشائیوں کو شرکت کی منظوری دے دی۔ لیگ کا پہلا مرحلہ 27 جنوری سے 7 فروری نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ فیصلے کے مطابق کراچی میں شیڈول ہر میچ میں تقریباََ 8000 تماشائیوں کونیشنل اسٹیڈیم کراچی میں داخلے کی اجازت ہوگی تاہم ان تمام تماشائیوں کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے سخت کوویڈ 19 پروٹوکولز بنائے گئے ہیں جس میں 12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کی مکمل کوویڈ 19 ویکسین ہونا لازمی ہوگا۔اسٹیڈیم کے داخلی دروازوں پر اپنا درست ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا۔اسٹیڈیم میں چہرے کو ماسک سے مسلسل ڈھانپے رکھنا لازم ہوگا۔این سی او سی کی جانب سے کوویڈ 19 سے متعلق جاری کی گئی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے شخص کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ کھیل کے کسی بھی ایونٹ کی حقیقی روح اس کے تماشائی ہوتے ہیں اور اس پس منظر میں وہ اب پی ایس ایل 7 کے کراچی میں کھیلے جانے والے ہر میچ میں 25 فیصد تماشائیوں کی آمد کے انتظامات کو حتمی شکل دیں گے۔ سلمان نصیر نے کہا کہ پی سی بی ایک ذمہ دار ادارہ ہے اور اسے شائقین کرکٹ کی صحت اور حفاظت کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں کا مکمل ادراک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ این سی او کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے تاہم اس سلسلے میں انہیں تماشائیوں کی جانب سے بھی غیر مشروط تعاون کی ضرورت ہوگی تاکہ وہ ایک محفوظ ماحول میں میچز سے لطف اندوز ہوسکیں۔ ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 10 فروری سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔