سکھر،گٹروں کے ڈھکن غائب ہونے کیخلاف شہریوں کا احتجاج

224

سکھر( نمائندہ جسارت)سکھر شہرمیں مین ہولز اور گٹروں کے ڈھکن غائب ہونے اور راستوں پر سیوریج کا گندا پانی جمع ہونے کیخلاف نوجوانوں کی تنظیم کاخاموش احتجاج،نوجوانوں کی تنظیم وائس آف سکھر کی جانب سے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا کر مظاہرہ کیا گیا، رہنما وائس آف سکھر فرہاد سومرو کا کہنا تھا کہ کھلے مین ہولز اور گٹر شہریوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن گئے ہیں ، آئے روز لوگ گرکر زخمی ہورہے ہیں مگر بلدیہ انتظامیہ کو اس کا احساس نہیں ، بلدیہ سکھر کی انتظامیہ اس بارے میں توجہ تک دینے کو تیار نہیں ہیں ، دوسری جانب شہر کے مختلف رہائشی تجارتی علاقوں روڈ راستوں پر سیوریج اور نالی گٹروں کا گندہ پانی کھڑا ہے جس سے لوگوں کو گزرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہر کے تمام مین ہولز گڑوں کا سروے کر کے بنا ڈھکن والے گٹروں کو ڈھکن لگائے جائیں اور نکاسی آب کا نظام درست کر کے گندے پانی کو نکالا جائے۔ادھر چراغ تلے اندھیرا کے مصداق بلدیہ اعلی سکھر کے عین نیچے فوارہ چوک کی چاڑی کے فٹ پاتھ پر واقع کئی گڑ ڈھکن سے محروم ہیں ، فٹ پاتھ پر گزرنے والے راہگیروں کے اچانک گرنے کے خدشات پائے جاتے ہیں۔ اسی طرح شہر کے مختلف رہائشی تجارتی علاقوں میں درجنوں گڑوں کے ڈھکن غائب ہیں ، آئے دن لوگوں کے گرنے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، بلدیہ انتظامیہ ڈھکن لگانے کیلیے خدانخواستہ کسی بڑے حادثہ کا انتظار کر رہی ہے۔