سکھر ،خیرپور اور گھوٹکی کے قوم پرست رہنما قومی دھارے میں شامل

216

سکھر(نمائندہ جسارت) سکھر ،خیرپور اور گھوٹکی اضلاع سے تعلق رکھنے والے 70سے زائد قوم پرست رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے قوم پرستانہ سیاست کو خیر آباد کہہ کر قومی دھارے میں شامل کرنے کا اعلان، سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قوم پرست کارکنوں نے قومی دھارے میں شمولیت کا اعلان کیا۔ شامل ہونے والوں میں جسقم ،جسم ،جیے سندھ تحریک ودیگر قوم پرست جماعتوں کے رہنما و کارکن شامل تھے، کارکنوں کا کہنا تھا کہ ہمیں جھوٹے خواب دکھا کر راستے سے بھٹکایاگیا تھا، اب واپس صحیح راستے پر آگئے ہیں،اور ملک و قوم کے لیے جانیں تک قربان کرنے کو تیار ہیں۔اس موقع پر ان رہنماؤں اور کارکنوں نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا کر لہرایا اور پاکستان زندہ باد کے نعر ے بھی لگائے، قوم پرست کارکنوں و رہنماؤں ایاز عباسی ،توصیف احمد،نعیم بلو ،محمد بخش چاچڑ،سراج احمد،نصرا للہ ،ذوالفقار میرانی ،عبدالوہاب رند،نذیر احمد و دیگر 70 سے زائدکارکنوں و رہنماؤں جن کا تعلق جیے سندھ قومی محاذ ،جیے سندھ محاذ، جیے سندھ تحریک و دیگر قوم پرست جماعتوں سے تھا۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سہانے خواب دکھا کر راستے سے بھٹکایا گیا تھا ، ہم سے ماضی میں جو غلطیاں ہوئی ہیں ہم ان پر شرمندہ ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ ملک و قوم کے لیے اپنی جانیں تک قربان کردیں گے اور ملک پر آنچ نہیں آنے دیں گے،قومی دھارے میں اعلان شمولیت اختیار کرنے والوں میں سراج احمد ولد بخت علی سومرو،نصراللہ ولد عبد الجبار جاگیرانی، ذوالفقار علی ولد علی گل میرانی،عبدالوہاب ولد غلام قادر رند، محمد عثمان ولد اللہ ڈنو مہر،صوبدار علی ولد محمد مرید میرانی،امیر علی ولد الف میرانی،نذیر احمد ولد شہمیر خان،نصیر احمد ولد بشیر احمد گوپانگ،عمان علی ولد رحمت اللہ چنا،سلمان ولد عثمان یوسف ما کو، عبدالقیوم محمد اسماعیل شیخ، ذیشان ولد محمد رمضان،محمد صلاح ولد علی محمد سومرو، مدثر ولد عبد الرحمن ابڑو اور عزیز احمد ولد نذیر احمد سومرو سمیت دیگر شامل ہیں۔