سبی(کامرس ڈیسک) سبی کی ممتاز قبائلی شخصیت میر صلاح الدین ڈومکی نے کہا کہ سالانہ تاریخی سبی میلہ کو کسی بھی صورت بھی کینسل ہونے نہیں دیا جائے گا سبی کے ثقافتی میلہ کو حسب روایت شایان شان طریقے سے منایا جائے صوبائی حکومت نے اگر سبی میلہ کو کینسل کیا تو سبی کے عوام اور مالداروں کے ساتھ مل کر احتجاج کریں گے وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سبی میلہ کی تاریخ کا اعلان جلد از جلد کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں میڈیا کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سبی میلہ بلوچستان کی پہچان کے ساتھ ساتھ صوبے کے عوام کے کاروبارکا ذریعہ بھی ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کورونا کے نام پر میلہ کو گزشتہ دو سال سے منسوخ کرکے یہاں کے عوام کے ساتھ ظلم کی انتہا کررہی ہے ہم بلوچستان و سبی کے عوام کے ساتھ ہونے والے اس ظلم کو برداشت نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اگر اس سال بھی سبی کے تاریخی میلہ کو کینسل کیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور مال دار سارا سال سبی میلے کا انتظار کرتے ہیں اور میلہ کے انعقاد سے نہ صرف لوگوں کو تفریح کے مواقع فراہم ہوتے ہیں بلکہ بلوچستان سمیت سبی کی معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ سننے میں آیا ہے کہ صوبائی حکومت اس سال بھی سبی میلہ کو منانے کا ارادہ نہیں رکھتی ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت نے کورونا وائرس کو جواز بناکر سبی میلہ کو منسوخ کیا تو سبی کے عوام اور مالداروں سے مل کر سندھ بلوچستان قومی شاہراہ کو بلاک کرکے شدید احتجاج کریں گے انہوں نے صوبائی حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ سبی میلہ کی تاریخ کا اعلان جلد کریں تاکہ سبی کے مالداروں اور عوام میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہوسکے۔