مریم نواز کی باتوں پر تو اب انکے بچے بھی ہنستے ہیں ، فواد چودھری

208

 اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ مریم نواز کی باتوں پر اب ان کے بچے بھی ہنستے ہیں، اسٹیٹ بینک کابل سینیٹ سے بھی جلد پاس کروا لیں گے، 2بلین ڈالرز سے زائد کی ویکسین امپورٹ کرکے شہریوں کو لگائی ، کورونا کیسز کی یومیہ تعداد 5ہزار پر پہنچ گئی ہے ، سندھ ویکسی نیشن کے حوالے سے سب سے پیچھے ہے۔چودھری فواد حسین نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہم الیکٹورل ریفارمز، چیئرمین نیب کی تقرری اور عدلیہ ترامیم پر اپوزیشن کے ساتھ مل کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں، اپوزیشن کی لیڈر شپ اصلاحات سے زیادہ احتجاجوں پر یقین رکھتی ہے، چار سال انہوں نے احتجاجوں میں گذار لیے ہیں، آئندہ وہ ایسے ہی چلنا چاہتے ہیں، مریم نواز کی باتوں پر اب ان کے بچے بھی ہنستے ہیں، چودھری فواد حسین نے کہاکہ میڈیا اداروں کی آمدن کے حوالے سے اعداد و شمار غلط ہیں تو میڈیا مالکان اپنے اکائونٹس اوپن کر دیں،میڈیا ورکرز بھی دیکھیں کہ ان کے اداروں کی آمدن اور اخراجات کیا ہیں، وفاقی کابینہ کو اومیکرون کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا گیا، اومی کرون کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ اومی کرون کے کیسز میں 2.5 گنا اضافہ ہوا، موجودہ کیسز پانچ ہزار یومیہ پر پہنچ گئے ہیں، ویکسین لگانے والے افراد اومیکرون سے کم متاثر ہوتے ہیں، انہوں نے کہاکہ سندھ ویکسینیشن میں سب سے پیچھے ہے، کراچی میں اومیکرون کے کیسز بہت زیادہ ہیں، اسکولوں کے بچے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، حکومت نے دو بلین ڈالر سے زائد کی ویکسین درآمد کر کے اپنے شہریوں کو لگائی، کرنٹ اکائونٹ خسارہ میں بڑا حصہ ادویات کی درآمد ہے، صرف ویکسین کی درآمد پر دو بلین ڈالر خرچ ہوئے، گزشتہ حکومتوں میں بھی اسٹیٹ بنک کی خود مختاری کیلیے ترامیم کی گئیں۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیٹ بنک ترمیمی بل معیشت کی بہتری اور اسٹرکچرل ریفارمز کیلیے انتہائی ضروری ہے۔