سندھ ہائی کورٹ کا بجری کے ٹرکوں کے خلاف  ڈپٹی کمشنر کو کارروائی کا حکم 

200
سندھ ہائیکورٹ نے کوٹہ سسٹم کے متعلق تحریری فیصلہ جاری کردیا

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے سپرہائی وے ایم نائن کے دونوں اطراف تجاوزات اور ریتی بجری کے ٹرکوں کے خلاف درخواست پر ڈپٹی کمشنر کو تجاوزات کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔

پیرکوسندھ ہائیکورٹ میں سپرہائی وے ایم نائن کے دونوں اطراف تجاوزات اور ریتی بجری کے ٹرکوں کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ سندھ انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی، کمشنر کراچی نے جواب عدالت میں جمع کرادیا۔ ناظر سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے رپورٹ بھی عدالت میں پیش کردی گئی۔

کمشنر کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ سروس روڈ بڑے پیمانے پر ریتی بجری بھری پڑی ہے۔ سروس روڈز کے دونوں اطراف ڈمپرز اور ٹرک کھڑے ہوئے ہیں۔ سیپا نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ گرین بیلٹ پر سرگرمیاں سیپا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ریتی بجری کی وجہ سے علاقے میں ہوا آلود ہورہی ہے۔ کھلے طریقے سے ریتی بجری رکھنے سے ماحول مزید آلودہ ہورہا ہے۔ کھلے ماحول میں ریتی بجری رکھنے سے پھیپھڑوں سمیت متعدد بیماریوں کا باعث بن رہی ہے۔ ریتی بجری اس طرح رکھنا وہاں مکینوں کے لئے خطرناک ہے۔

عدالت نے سیپا کی رپورٹ کو ریکارڈ کا حصہ بنا لیا۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی جانب سے ناظر رپورٹ پر جواب کے مہلت طلب کرلی۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر کو تجاوزات کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ہدایت کی غیر قانونی طور پر رکھی گئی ریتی بجری اور دیگر تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔

عدالت نے ڈیڑھ ماہ میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔سپر ہائی وے کے دونوں اطراف تجاوزات کے خلاف عبدالستار و دیگر کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔