پاکستان نے جی-77 اور چائنا گروپ کی سربراہی سنبھال لی

320

اسلام آباد(اے پی پی+صباح نیوز) پاکستان نے 2022ء کے لیے گروپ آف 77 اور چائنا گروپ کی سربراہی سنبھال لی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعہ کو ورچوئل فارمیٹ میں چیئرمین کا عہدہ حوالے کرنے کی تقریب کے افتتاحی سیشن کی صدارت کی، جس میں سبکدوش ہونے والے چیئر (ریپبلک آف گنی کے وزیر خارجہ)، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر نے بھی شرکت کی۔وزیر خارجہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، اقوام متحدہ اور بین الاقوامی سطح پر ترقی پذیر ممالک کے اقتصادی اور سماجی مقاصد کو آگے بڑھانے میں G-77 کے اہم کردار کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے ایکویٹی اور مساوات کے حالات میں خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے G-77 کی اجتماعی کوششوں میں ہم آہنگی اور اتحاد کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ G-77 کے سربراہ کے طور پر، پاکستان ترقی پذیر ممالک کو درپیش متعدد چیلنجوں کے مؤثر اور ٹھوس حل کے لیے تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا اور تعاون کے کو بھی فروغ دے گا۔1964 میں قائم کردہ G-77 اقوام متحدہ میں ترقی پذیر ممالک کا سب سے بڑا بین الحکومتی گروپ ہے جو ایک 134 رکن ممالک پر مشتمل ہے۔