منی لانڈرنگ کیس: شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی 7 روزہ حفاظتی ضمانت منظور

251

لاہور:لاہور کی بینکنگ جرائم کی عدالت نے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کرتے ہوئے عدالتی دائرہ اختیار پر ایف آئی اے کا اعتراض منظور کرلیا جبکہ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی 7 روزہ حفاظتی ضمانت بھی منظور کرلی۔دورانِ سماعت ایف آئی اے نے بینکرز کے رول کی تحقیقات سے متعلق رپورٹ جمع کرا دی۔حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے جبکہ شہباز شریف کی جانب سے حاضری سے معافی کی درخواست جمع کرائی گئی جسے منظور کر لیا گیا۔ایف آئی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کوئی بینکر بھی اس جرم میں ملوث نہیں پایا گیا۔ بینکنگ جرائم کورٹ کے جج نے سوال کیا کہ اگر یہ کیس کسی اور عدالت میں چلے گا تو درخواستِ ضمانت کا کیا ہوگا؟۔شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ اس صورتِ حال میں ضمانت کی درخواستیں بھی دوسری عدالت میں منتقل ہو جائیں گی، اگر عدالت مناسب سمجھے تو کیسز سینٹرل جج کے پاس بھجوا دے۔عدالت نے چالان کے بعد عدالتی دائرہ اختیار پر کچھ دیر کیلئے فیصلہ محفوظ کیا۔ بعد ازاں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے بینکنگ کورٹ نے عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق وفاقی تحقیقاتی ادارے کا اعتراض منظور کرتے ہوئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا چالان ایف آئی اے کو واپس کردیا، جبکہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی 7 روزہ حفاظتی ضمانت منظور بھی منظور کرلی گئی۔عدالت نے فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے جہاں چالان جمع کروائے شہباز شریف اور حمزہ وہاں سے عبوری ضمانت کروالیں۔لیگی رہنما اور کارکنان بھی اپنی قیادت سے اظہار یکجہتی کے لئے عدالت آئے اور ان کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔ پولیس کی جانب سے عدالت کی طرف آنے والے راستوں پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔