پشاور: قومی وطن پارٹی نے منی بجٹ مسترد کردیا

212

پشاور: منی بجٹ اور مہنگائی کیخلاف قومی وطن پارٹی نے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے منی بجٹ کو مسترد کردیا۔مظاہرین نے آئی ایم ایف اور حکومتی معاہدہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کے اشاروں پر چلتے ہوئے عوام کو مہنگائی کے دلدل میں دھکیل رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آٹا،گھی،خوردنی تیل اور دیگر ضرورت کی اشیا مزید مہنگا کرکے حکمران عوام سے جینے کا حق چھین ر ہے ہیں۔ جمعہ کو منی بجٹ اور مہنگائی کے خلاف قومی وطن پارٹی ضلع پشاور نے پشاور پریس کلب کے سامنے حکومت کے خلاف احتجاج کیا جس میں کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور مہنگائی ، منی بجٹ اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔مظاہرہ کی قیادت قومی وطن پارٹی کے صوبائی وائس چیئرمین سید فیاض علی شاہ کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر قومی وطن پارٹی ضلع پشاور کے چیئرمین الحاج ملک سلیم چمکنی،اسد شمشیر خان،سٹی ڈسٹرکٹ پشاورکے سینئر وائس چیرمین صابر شاہ باچہ ،وطنپال یوتھ آرگنائزیشن کے صوبائی چیئرمین قاضی اسد کے علاوہ دیگر عہدیدار اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ منی بجٹ سے مہنگائی کا طوفان آئے گا جس سے غریب عوام کی قوت خرید مکمل طور پر ختم ہو جائے گا اور ان کا جینا مشکل ہو جائے گا۔انھوں نے کہا کہ نااہل اور بے حس حکومت عوام پر بوجھ در بوجھ ڈال رہی ہے جبکہ گزشتہ عام انتخابات میں ان کے ساتھ تبدیلی،روزگار اور خوشحالی و ترقی کی مد میں بڑے بڑے وعدے کئے گئے تھے۔انھوں نے کہاکہ منی بجٹ کے خلاف ہر فورم پرجدوجہد کریں گے کیونکہ اس سے مہنگائی مکمل طور پر بے قابو ہو کر اشیائے ضرورت کی چیزیں غریب عوام کی پہنچ سے دور چلی جائیں گی۔