کورونا وائرس کی مثبت شرح پھر 6 فیصد سے زاید، پشاور میں اسمارٹ لاک ڈائون

345

 

اسلام آباد‘لاہور‘ پشاور‘کراچی(آن لائن + صباح نیوز+اسٹاف رپورٹر)ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 5 افراد انتقال کر گئے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 49 ہزار 270 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3019 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، گزشتہ روز اس وبا نے مزید 5 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا جب کہ مثبت کیسز کی شرح 6.12 فیصد ریکارڈ ہوئی،اس کے علاوہ651 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔شفقت محمود نے ٹوئٹر پر کہا کہ بدقسمتی سے میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے ،کورونا کی علاماتیں معمولی ہیں اور خود کو ٹھیک محسوس کررہا ہوں۔علاوہ ازیں پشاور میں اومی کرون کیسز کے باعث حیات آباد میں اسمارٹ لاک ڈائون کرنے کا فیصلہ کیا ہے صوبے میں اومی کرون کیسز میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے ، حیات آباد سے 27 کیسز رپورٹ ہوگئے ہیں جس کے بعد حیات آبادکو حساس قرار دیدیا گیاہے اور حیات آباد میں ممکنہ طورپر لاک ڈائون کرنے کافیصلہ کیاگیاہے جس کے لیے سفارشات صوبائی حکومت کو ارسال کردی ہیں۔دوسری جانب لاہور میں کورونا وائرس اور اومی کرون ویرینٹ تباہی مچانے لگا ہے ۔محکمہ صحت پنجاب کے غیر مصدقہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شہر میں کورونا وائرس کے مزید 777 کیسز سامنے آئے ہیںجس کے بعد شہر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 10.7 فیصد ہوگئی ہے جب کہ شہر میں کورونا وائرس مزید ایک زندگی نگل گیا ہے ، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اومی کرون ویرینٹ کے مزید 45 کیسز بھی سامنے آئے ہیں، جس کے بعد اومی کرون ویرینٹ کے مریضوں کی تعداد 391 تک پہنچ گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک بیان میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 مریض دم توڑ گئے ،جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 7 693 ہو گئی ہے جب کہ 12229 ٹیسٹ کرانے سے 2 289 نئے کیسز سامنے آئے۔