سکھر (نمائندہ جسارت)نارا کینال و گرد و نواح میں رات بھر چوروں کا راج ، اروڑ نارا کینال کے پل 40 ارڈی سے 71 ار ڈی تک چوروں کا بڑا گروپ سرگرم ہے اور رات بھر واپڈا کا نئے تعمیر ہونے والے ہائی ٹینشن لائن کی کئی کلو میٹر ہیوی تاریں ،کئی ٹیوب ویلوں کے ٹرانسفارمر اور متعدد زرعی ٹیوب ویل کی بجلی والی موٹریں و لاکھوں روپے مالیت کا دیگر سامان چوری کرکے باآسانی فرار ہوگئے ہیں۔اس صورتحال کے باعث واپڈا کو کئی کروڑ روپے کا نقصان ہوا جبکہ چھوٹے کاشتکاروں کے لاکھوں روپے کے ٹرانسفارمر اور بجلی سے ٹیوب ویل چلانے والی موٹریں بھی چوری ہوگئیں۔ واضح رہے کہ اس علاقے کے دونوں اطراف پولیس چوکیاں موجود ہیں جوکہ رات کو سفر کرنے والے دیہاتیوں کو بہانے سے پکڑ کر خرچی بٹورنے میں مصروف رہتی ہیں مگر دو بھرے ٹرکوں سے زائد اتنی بڑی تعداد میں بجلی کی تاریں ٹرانسفارمر اور موٹریں پولیس چوکیوں کے درمیان سے لے کر با آسانی فرار ہوگئے۔اس صورتحال کی اطلاع صالح پٹ پولیس اور پٹنی پولیس کو کی جا چکی ہے مگر پولیس سست روی کا مظاہرہ کررہی ہے، قابل توجہ امر یہ ہے کہ کچھ عرصہ پہلے بھی اسی علاقے سے ٹرانسفارمر اور بجلی کی لاکھوں روپے مالیت کی تاریں ،موٹریں اور دیگر سامان چوری ہوا تھا اور پولیس نے چوروں کو گرفتار بھی کر لیا تھا مگر ان کی رہائی کے بعد چوروں کے ماہر گروہ اب اس سے بھی کئی گنا بڑی اور بھرپور کارروائی کر گئے ہیں،اس صورتحال میں پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس بھی پایا جاتا ہے اور لوگ اپنے گھروں اور مال مویشی کی حفاظت کے حوالے سے بھی عدم تحفظ کا شکار دکھائی دیتے ہیں۔