لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کے قریب گاؤں گڑھی محمد نواز عمرانی کے رہائشی مرد، خواتین اور بچوں نے بااثروں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرکے نعرے بازی کی۔ اس موقع پر دیہاتی محمد اسماعیل عمرانی نے اپنی والدہ و دیگر کے ہمراہ بتایا کہ گاؤں کے قریب ہماری چار جریب زرعی زمین ہے جس پر ہم مختلف فصل اگاکر زندگی بسر کرتے ہیں جس پر اس وقت گندم کی فصل کاشت کی گئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گاؤں کے بااثر مرید عمرانی سمیت دیگر نے اپنے گھروں کا گندا پانی ہماری گندم کی فصل میں چھوڑ دیاہے جس کے باعث ہمیں لاکھوں روپے کے نقصان کا خدشہ ہے۔ بااثروں کے خلاف حد کے تھانہ تعلقہ سمیت معززین کو شکایتیں کی جس پر بااثرافراد نے تیش میں آکر گھر پر حملہ کرکے جان لیوا دھمکیاں دیں جو ظلم اور زیادتی ہے۔ انہوں نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ سے مطالبہ کیا کہ بااثرافراد کے خلاف کاروائی کرکے تحفظ فراہم کیا جائے۔