مری واقعہ قومی سانحہ اور انسانی المیہ ہے، غیاث قادری

140

سکھر(نمائندہ جسارت) سانحہ مری کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے میلاد مصطفیٰ کمیٹی سکھر نے مدرسہ کنز الایمان تعلیم القرآن جامع خضریٰ مسجد میں فاتحہ خوانی و دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا، میلاد مصطفیٰ کمیٹی علماء کونسل کے رکن مولانا حافظ مستقیم قادری نے دُعا کرائی، قبل ازیں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین غیاث الدین قادری نے کہا کہ مری میں پیش ہونے والا افسوس ناک واقعہ قومی سانحہ اور انسانی المیہ ہے، انہوں نے سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے، دُعائیہ تقریب میں شکیل احمد صدیقی، آغا تابش خان اور دیگر نے شرکت کی۔ غیاث الدین قادری کا کہنا تھا کہ سانحہ مری کے فوری بعد پاک فوج کے جوانوں نے جس اسلامی و قومی جذبے سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا مشکل میں پھنسے انسانوں کی خدمت کی اس پرہم افواج پاکستان کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور جن سماجی تنظیموں نے پریشان حال لوگوں کی مدد کی ان کی خدمات بھی قابل تعریف ہیں۔