گوادر میں کسٹمز کی کارروائی،7کروڑ روپے کی غیر ملکی شراب برآمد

166

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) گوادر میںکسٹمز حکام نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں بوتلیں شراب برآمد کرکے 5ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ، کسٹمز ذرائع کے مطابق کارروائی میں کسٹمز گوادر نے پاکستان نیوی کی معاونت سے لسبیلہ ساحلی علاقے وندر ڈام کے کھلے سمندر میں کشتی سے 4ہزار 600غیر ملکی شراب کی بوتلیں برآمد کرکے 5 اسمگلروں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ کسٹمز ذرائع کے مطابق اسمگلرز، شراب کی یہ کھیپ بیرونی ملک سے پاکستان اسمگلنگ کررہے تھے ، برآمد کی گئی شراب کی مالیت 7 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے ۔ کلکٹر کسٹمز گوادر چودھری جاوید نے میڈیا کو بتایا کہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی جس کے لیے کسٹمز حکام کئی دنوں سے ریکی کر رہے تھے۔