وزیراعلیٰ پنجاب کا مری میں زیادہ کرایہ لینے والے ہوٹلز کے خلاف کارروائی کا حکم

249

لاہور: وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار نے مری کے ہوٹلوں میں اوورچارجنگ کی شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔وزیراعلی عثمان بزدار نے مقررہ کرائے سے زیادہ وصول کرنے والے ہوٹل مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کمشنر راولپنڈی ڈویژن اورمتعلقہ حکام اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں، کھانے پینے کی اشیا اور رہائش میں اوورچارجنگ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو لوٹنے والوں کومعاف نہیں کیا جائے گا، اوورچارجنگ کاروبار نہیں، لوٹ مار کے مترادف ہے جو قطعاً برداشت نہیں۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ انتظامیہ سیاحتی مقامات پر ریٹ لسٹ کے مطابق اشیائے صرف کی خرید و فروخت یقینی بنائے، انتظامی افسران اوور چارجنگ کے سدباب کے لئے موثر اقدامات اٹھائیں۔