سانحہ مری پر منفی بیان بازی پست سیاست کی بدترین مثال ہے، شفقت محمود

170

اسلام آباد (آن لائن) صدر پاکستان تحریک انصاف پنجاب اوروفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ مری سانحہ پر منفی بیان بازی پست سیاست اور موقع پرستی کی بدترین مثال ہے۔مسلم لیگ(ن) کے رہنما خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شفقت محمود نے کہاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر پوری قوم سوگوار ہے،انتظامیہ نے انتھک محنت اور بھرپور ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن سے صورتحال کی سنگینی پر قابو پایالیکن خواجہ آصف عوام کے ہاں مقبولیت حاصل کرنے کے لیے سستی بیان بازی کے بجائے اپنی منفی سیاست پر نظرثانی کریں۔ انہوں نے کہاکہ نواز  شریف کو سوچے سمجھے منصوبے پر نہیں قومی خزانے کی چوری پکڑے جانے پر نکالا گیا، انتخابات نہیں ہمیشہ این آر اوز نے خواجہ آصف اور ان کی جماعت کی سیاست کو آکسیجن فراہم کی، شفقت محمود نے کہاکہ پہلی مرتبہ خواجہ صاحب کی جماعت کو این آر او دستیاب نہیں،ڈیل اور ڈھیل کے حوالے سے نون لیگ کا مضحکہ خیز بیانیہ بھی ردی کی ٹوکری کی نذر ہو چکاہے۔