سبی میں فائرنگ ،3 افراد جاں بحق ۔کیچ میں فورسز کی کارروائی ،4 دہشتگرد گرفتار

239

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ضلع سبی میں فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ سابق نگراں وزیراعلیٰ نواب غوث بخش باروزئی کے چھوٹے بھائی اور دیگر زخمی ہو گئے‘ واقعہ گزشتہ روز لونی روڈ پر پیش آیا جہاں مسلح افراد نے نوابزادہ باروخان باروزئی کے قافلے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس اور دیگر فورسز نے پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو کمبائنڈ ملٹری اسپتال سبی منتقل کردیا جہاں جاں بحق افراد کی شناخت ملک عزیز اللہ صافی، عمران خان صافی اور اختر مرغزانی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق نوابزادہ بارو خان باروزئی تعزیت کے لیے گئے تھے کہ پہلے سے تاک میں بیٹھے ملزمان نے ان کی گاڑیوں پر فائرنگ کردی ۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی۔ علاوہ ازیں کیچ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے دستی بم اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق کارروائی ضلع کیچ میں تھانہ ہوشاب کی حدود میں کی گئی‘ گرفتارشدگان میں نبیل ہاشم، عبداللطیف، نواز علی اور فراز شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش مختلف کارروائیوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔