تحریک انصاف نےبلاول زرداری کے لانگ مارچ کو ڈھونگ قرار دیدیا

399

کراچی:تحریک انصاف کے رہنماء و رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کے لانگ مارچ کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلاول زرداری لانگ مارچ کس بنیاد پر کررہے ہیں؟بلاول صوبائی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں اسی لیے لانگ مارچ کا ڈرامہ کررہے ہیں۔

پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ سندھ کے لوکل گورنمنٹ کے منسٹر پنجاب میں تقریریں کررہے ہیں،یہ منسٹر سندھ کے سب سے نالائق اور ناکارہ منسٹر ہیں۔ سندھ کے لوگوں کے پیسوں سے لانگ مارچ کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ پی پی کی نالائقی کا عالم یہ ہے کہ سندھ کے 3.5ہزار اسکول بند کیے جارہے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں نیب اور ایف آئی اے ان اسکولوں کے اخراجات کی تحقیقات کرے ۔ خیرپور میں 213 سے زائد محکمہ تعلیم میں جعلی بھرتیاں کی گئیں ہیں ۔ بلاول لانگ مارچ میں عوام کو بتائیں کہ 13 سالوں میں ایک بس فراہم نہیں کی۔ بلو، ریڈ، اورنج لائن کی صرف باتیں سنی جاتیں ہیں لیکن اب تک کوئی عملی اقدامات نہیں کئے گئے۔ اس موقع پران کے ہمراہ  سندھ اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈربلال غفار، رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی،پی ٹی آئی رہنما عدنان اسماعیل  اور نواز مندوخیل موجود تھے۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ سندھ کا محکمہ داخلہ کا قلمدان مراد علی شاہ کے پاس ہے، کراچی میں ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں، موبائل فون چھنے گئے ۔ چھینی گئی گاڑیوں کے نقصان کا تخمینہ 4 ارب سے زائد ہیں۔

سندھ کا سب سے زیادہ کرپٹ ادارہ لائو اسٹاک ہے، آج تک نہیں معلوم 1 ارب کی مچھلیاں کس کو کھلائی گئیں۔ ایسا لگتا ہے ساری مچھلیاں سندھ کی کابینہ کھاگئی۔ کروڑوں کی بھینسیں، اور ان کے باڑے خریدے جارہے ہیں۔ بلاول اپنے ارد گرد بیٹے بیٹھے جوکروں سے جواب پوچھے۔انہوں نے مزید کہا کہ مریم صفدر پریشان ہے کہ وہ کیا کرے، یہ وہ بلی ہے جسے خواب میں چھیچھڑے نظر آتے ہیں ۔ مریم سے کہوں گا کہ سب سے پہلے فون پر بات کرنا چھوڑدیں۔ مریم لوگوں کو گھر بلاکر سامنے بات کرلیا کریں۔ مریم نے صحافیوں کی تذلیل کی ہے۔ مریم نواز نے عزت دار لوگوں کی پگڑیاں اچھالی ہیں، مریم نواز میڈیا کو اپنا غلام سمجھتی ہیں۔