شدید بارشیں‘ وزیراعلیٰ پنجاب بزدار کا جلد ازجلد نکاسی آب کا حکم

270

 

لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں مسلسل بارشوں کے باعث وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جلد ازجلد نکاسی آب کا حکم دیا ہے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ نکاسی آب کے لیے انتظامیہ اور واساز حکام ہمہ وقت چوکس رہیں۔انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کے لئے فوری اقدامات کیے جائیں، انتظامیہ اور واساز حکام نکاسی آب کے کام کو کم سے کم وقت میں یقینی بنائیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں، افسران گرم کمروں میں بیٹھنے کی بجائے باہر نکلیں اور عوام کی مشکلات کا ازالہ کریں۔عثمان بزدار نے مزید کہا کہ بارش کے دوران ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے بھی موثر انتظامات کیے جائیں، میں نکاسی آب کے انتظامات کا خود جائزہ لوں گا۔واضح رہے کہ اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہیگا تاہم خطہ پوٹھوہار ، خوشاب، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین،سیالکوٹ، نارووال، لاہور میں تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔ اسکے علاوہ خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد ، پشاور ،وزیرستان ،بنوں،ڈی آئی خان،لکی مروت، کوہاٹ،کرک ،خیبراورکرم میں مزیدبارش اورپہاڑوں پر برفباری جبکہ چند مقامات پر تیز بارش اور ڑالہ باری کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں ا?ج مطلع ابرآلود رہیگا جبکہ سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، جامشورو، جیکب آباد، خیرپور،سانگھڑاورموہنجوداڑو میں تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔