لاہور(نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما راناثنااللہ نے کہا ہے کہ مریم نواز کی آڈیو ایجنسیوں نے وائرل کی ہے۔ شہباز شریف اداروں اور سیاسی جماعتوں میں تصادم نہیں چاہتے۔راناثنااللہ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کی اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا کہ انہوں نے ملک دشمنوں سے پیسے لیے، عمران خان کے پاس ملک میں مسلط رہنے کا کوئی جواز نہیں رہا، چندہ دینے والے ہی حکومت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔پرویز رشید اور مریم نواز کی لیک آڈیو ٹیپ کے بارے میں رانا ثنا نے کہا کہ مریم نواز کی جانب سے کوئی قابل اعتراض الفاظ استعمال نہیں کیے گئے، آڈیو ٹیپ اس دن چلائی گئی جب اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ آئی، 2 افراد نجی گفتگو کر رہے ہوں تو اسے ریکارڈ اور پبلک کرنا جرم ہے، کسی حکومتی ایجنسی نے یہ ٹیپ وائرل کی ہے جو ممکنہ طور پر آئی بی ہوسکتی ہے، انہوں نے یہ کافی دنوں سے سنبھال کر رکھی تھی۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کی کرپشن دنیا کے سامنے عیاں ہے، ساڑھے 3 سالوں میں ملک کی معیشت کو تباہ کردیا، آٹا بحران ہو، چینی بحران ہو یا رنگ روڈ یہ لوگ فائدہ اٹھاتے ہیں، حکومتی اے ٹی ایمز نے عوام کی جیبوں سیپیسا نکالا، یہ لوگ مافیا بنا کرعوام کو لوٹ رہے ہیں، جس نے اس نالائق ٹولے کو مسلط کیا وہ بھی معافی مانگے۔نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف خدانخواستہ وطن واپس آکر جیل میں بند ہوجاتے ہیں تو ان کی رہنمائی ہمیں میسر نہیں ہوگی، مسلم لیگ ن کے وزیراعظم میاں نوازشریف ہی ہیں، وہ جب چاہے آسکتے ہیں کوئی انہیں نہیں روک سکتا، توشہ خانہ پر نوازشریف کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا، لیکن عمران خان توشہ خانے کی 10کروڑ مالیت کی گھڑی فروخت کرتے ہوئے پکڑے گئے، اب ان کاگریبان اورعوام کا ہاتھ ہوگا، لوگوں کو چور چور اور ڈاکو ڈاکو کہنے والا خود چور ثابت ہوا، اب اس کاگریبان اورعوام کا ہاتھ ہوگا۔