لاہور (نمائندہ جسارت) ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب شہباز شریف کے خلاف ٹھوس ثبوت آخر کب عدالت میں پیش کریں گے؟ ٹھوس ثبوت ہیں کہاں جو 3 سال گزرنے کے باوجود یہ سامنے نہیں آسکے؟۔مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پہ ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ٹھوس ثبوتوں کے صندوق اور ٹرک آخر پہنچ کیوں نہیں پا رہے؟ ا نہوں نے کہا کہ عمران صاحب شہباز شریف کے خلاف ثبوت تو آ نہیں سکے، آپ کی کرپشن اور چوری کے ثبوتوں کے انبار لگ چکے ہیں، فارن فنڈنگ کی ڈاکا پکڑا جا چکا ہے جس سے کوئی کیا آپ بھی انکار نہیں کر سکتے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب، قوم کو آپ کے بے تکے بھاشن اور جھوٹ نہیں، استعفا چاہیے۔ انہوںنے وزیراعظم سے جھوٹی تقاریر، ٹویٹس پر استعفا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان غیر قانونی فارن فنڈنگ کا جواب دینا تھا، سڑکوں پر ٹویٹ نہیں،اب عوام کو کوئی نیا جھوٹ فریب اور مکاری نہیں چاہیے۔