لاہور (آن لائن) پنجاب اسمبلی مےں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس میں اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ بارش کا پہلا قطرہ ہے، تہلکہ خیز رپورٹ میں تصدیق ہو گئی کہ پی ٹی آئی نے غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں سے فنڈز حاصل کیے۔ اپنے بےان مےں انہوںنے کہاکہ فنڈز کو کم دکھایا اور درجنوں بینک اکاﺅنٹس چھپائے، پچھلے 7 برسوں سے ان تحقیقات کو رکوانے کی تگ و دو میں مصروف عمران خان کے کارنامے قوم کے سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
دوسروں پر من گھڑت الزامات عاید کرنے والوں کے خلاف مستند رپورٹ چوری، خرد برد اور مشتبہ ذرائع سے فنڈنگ کی نشاندہی کرتی ہے۔ اس ہیر پھیر کی تہہ تک پہنچنا اشد ضروری ہے قوم کے سامنے حقائق آنے چاہئیں۔ یہ فراڈ کروڑوں سے شروع ہوا اور اربوں تک جائے گا۔