فیصل آباد: پولیس ملی بھگت سے غیر قانونی فلنگ اسٹیشن کھل گئے ہیں 

416

فیصل آباد: مقامی پولیس اور سول ڈیفنس کی ملی بھگت سے شہر میں جگہ جگہ  ایل پی جی کے غیر قانونی فلنگ اسٹیشن کھل گئے ہیں، تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ وارث پورہ مٹھائی والا چوک میں غیر قانونی گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکہ، قریب کھڑی دو گاڑیاں اور 8 موٹرسائیکلیں جل گئیں، قریبی دکانوں اور گھروں کی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، سلنڈر پھٹنے سے علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا،، مقامی پولیس اور متعلقہ محکمے نے ماہانہ بھاری نذرانہ وصول کر کے گیس فلنگ اسٹیشن کے کاروبار کرنے والوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ آتشزدگی کے واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف موقع پر پہنچ گئے۔ 

آن لائن کے مطابق گزشتہ روز رات  وارث پورہ مٹھائی والا چوک میں واقع گیس فلنگ اسٹیشن پر زور دار دھماکے سے گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی اور یکے بعد دیگرے گیس سلنڈر پھٹنے اور دھماکوں سے علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا، آگ کے شعلے بلند ہونے پر دکان کے اوپر بجلی کے کھمبوں کی تاریں بھی ٹوٹ گئیں اور آگ کی شدت سے دکان کے باہر کھڑی دو کاریں اور 8موٹرسائیکلیں جل گئیں جبکہ آگ کی شدت سے قریب دکانوں اور گھروں کی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، تاہم آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو فائر بریگیڈ کی 7ٹیموں نے دو گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ذرائع کے مطابق محکمہ سول ڈیفنس اور مقامی پولیس کی طرف سے بھاری نذرانہ وصول کر کے غیر قانونی گیس فلنگ اسٹیشن قائم کروائے جاتے ہیں جہاں پر کوئی حفاظتی انتظامات نہیں کئے جاتے۔ شہر بھر میں کسی بھی گیس فلنگ اسٹیشن پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے نمٹنے کیلئے آگ بھجانے والے آلات موجود نہیں ہیں جبکہ محکمہ سول ڈیفنس اور مقامی پولیس کسی بھی واقعہ کے بعد افسران کو خوش کرنے کیلئے چند ایک مقامات پر فرضی کارروائیاں کر کے خاموشی اختیار کر لیتی ہے اور شہر بھر سے ماہانہ لاکھوں روپے نذرانہ وصول کیا جا رہا ہے۔ شہری حلقوں نے کمشنر فیصل آباد زاہد حسین اور ڈپٹی کمشنر علی شہزاد سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں غیر قانونی گیس فلنگ اسٹیشن اور کھلے عام پٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات سے بچا جا سکے۔