اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وسط ایشیائی سرمایہ کاروں کو گوادر بندرگاہ پر سہولت فراہم کی جائے‘ بلوچستان میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارتی کراسنگ پوائنٹس کی تعداد بڑھانا ہوگی‘ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے متعلقہ ادارے بلوچستان کے تاجروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں‘ تجارتی کراسنگ پوائنٹس میں اضافے سے بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا‘ برآمدات کا حجم بڑھے گا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت بلوچستان میں بارڈر اور ٹریڈ مینجمنٹ کا اجلاس ہوا۔ ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ وزارت پیٹرولیم سے بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں پیٹرول پمپس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بات کر چکا ہوں‘ گوادر اور کراچی کے مابین سفر آسان بنانے کے لیے مکران کوسٹل ہائی وے پر اضافی پیٹرول پمپس کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں این او سی جاری کرنے کے عمل میں تیزی، وسط ایشیائی ممالک کے سرمایہ کاروں کو گوادر بندرگاہ کے ذریعے اشیا کی ترسیل میں سہولت پیدا کرنے کی ضرورت پر زوردیا گیا ۔ وزیرخزانہ شوکت ترین نے اجلاس کو بتایا کہ افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لیے مقامی کرنسی میں تجارت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزارت خزانہ بلوچستان کے تاجروں کو ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کے لیے تمام ممکنہ مدد فراہم کرے گی۔