اسلام آباد: ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بنادی اور دبئی جانے والے مسافرسے 50ہزار یواےای درہم برآمد کرلئے۔
تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے اسلام آبادایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کی اور دبئی جانے والے مسافرسے 50ہزار یواےای درہم برآمد کرلئے، جن کی مالیت پاکستانی روپوں میں تقریباً چوبیس لاکھ روپے ہے-مسافر عطااللہ نے رقم اپنے دستی سامان میں چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران کرنسی برآمد کر کے منی لانڈرنگ کی کوششں ناکام بنا دی-
اے ایس ایف کے مطابق ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ رقم سمیت مزید کارروائی کے لئے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔یاد رہے گذشتہ سال ستمبر میں پشاور کے باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر دبئی جانے والا مسافر پرسرچنگ مشینوں سے گزر کر کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور غیر ملکی کرنسی لیکرجہاز تک پہنچ گیا تھا۔بعد ازاں اس دوران مسافر کے دستی سامان کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے ڈیڑھ کلو سے زائد سونے کے بسکٹ اور13ہزار سے زائد یورو برآمد کئے گئے۔