اسلام آباد : مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیاسی یتیموں کی پناہ گائیں قومی جماعتیں نہیں کہلاتی ۔ قومی جماعتیں آر ٹی ایس بٹھا کر اقتدار میں نہیں آتیں ۔ طرح طرح کے پیوند لگا کر ’’قومی جماعت‘‘ نہیں بنائی جاتیں۔ وزیراطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوے انہوں نے کہا سیاسی یتیموں کی پناہ گاہ کو قومی سیاسی جماعت کہنے کے لئے آپ کی جیسی ہی ڈھٹائی اور بے شرمی درکار ہے ۔ انہوں نے کہا ساری پارٹیوں میں حاضری لگوانے والوں کے لئے پی ٹی آئی ’’عارضی پناہ گاہ‘‘ ہے قومی جماعت نہیں ۔ انہوں نے کہا ’’ پرچیوں‘‘،’’ سفارش‘‘،’’ بھرتی کوٹے‘‘ سے فیض یاب ہونے والے کچھ عرصے بعد بے روزگار اور سیاسی یتیم بن کر در بدر ہورہے ہوں گے ۔