پی پی ریاض ریجن کے تحت بینظیر بھٹو شہید کی 14 ویں برسی منائی گئی

286

پاکستان پیپلز پارٹی (ریاض ریجن) کے تحت بےنظیر بھٹو شہید کی 14 ویں برسی منائی گئی۔ تقریب میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے بھر پور شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا جبکہ نظامت کے فرائض وسیم ساجد نے خوش اسلوبی کے ساتھ سر انجام دیتے ہوئے بینظیر بھٹو کی زندگی پر روشنی ڈالی۔ بعدازاں خطاب کرتے ہوئے پی پی ریاض ریجن کے صدر احسن عباسی نے بے نظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بی بی شہید وفاق پاکستان کی علامت اور عوام کی امنگوں کا مظہر تھیں۔ آج ہمیں عزم کرنا ہوگا کہ اپنے قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو شہید کے مشن کو ہر قربانی دے کر پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
مہمان خصوصی سینئر رہنما یونس ابو غالب نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید انسانی حقوق کی علمبردار تھیں۔ ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام اور عوام کو غربت، بیروزگاری، نا انصافی سے نجات اور ملک کے بہتر مستقبل کے لیے ہمیں بی بی شہید کے نقش قدم پر چلنا ہو گا۔ پی پی سعودی عرب کے جنرل سیکرٹری سردار محمد رزاق خان نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید اپنی مثبت سوچ کے ساتھ غربت ، افلاس کا خاتمہ کرکے عالم اسلام کو امن اور ترقی کا گہوارہ بنانا چاہتی تھیں۔ عابد شمعون کے مطابق تقریب سے سردار نصیر خان، جہانگیربدر، رانا عبدالروف، حافظ عبدالوحید، ارشد تبسم، بخت محمد خان ، عدیل محمود ، سید مزمل شاہ ، فہیم خان ، مبشر انوار ، مرزا منیر بیگ ، گل زیب کیانی ، سفیر حیدر، ڈاکٹر محمود باجوہ ، شریف بلوچ بھٹو اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے بے نظیر بھٹو شہید کی ملک کے لیے خدمات کی تعریف کی۔ آخر میں بی بی شہید کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔