نواز شریف کی واپسی سے اصل پریشانی شہباز اور حمزہ کو ہے‘ حسان خاور

174

لاہور (نمائندہ جسارت) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور نے کینال روڈ پر کھیرا پل کے قریب بنے پی ایچ اے کے پروجیکٹ اور نئے بننے والے سائیکلنگ ٹریک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے انتظامیہ شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے ہوئے ہے تاکہ لوگ شہر کی ثقافت اور موسموں سے مستفید ہو سکیں۔ یہاں مزید 2 ہزار پودوں کی شجرکاری کر کے 10 ہزار کا ٹارگٹ جلدپورا کیا جائے گا۔ حسان خاور نے کہا کہ نواز شریف کا پاسپورٹ اور ویزا ایکسپائر ہو رہا ہے، وطن واپس آنا ان کی مجبوری ہے، قیدی کو واپس آنا ہی پڑے گا اور پھر فتح قانون کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے آنے سے حکومت پریشان نہیں، اصل پریشانی شہباز اور حمزہ کو ہے۔ کیونکہ نواز شریف کی آمد سے انہیں اپنی ڈیل کا حصول مشکل دکھائی دینے لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی قبل از وقت تکمیل کر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے۔ بلاول سندھ میں بیٹھ کر پنجاب کی فکر نہ کریں۔ زرداری کی سیاست نے بھٹو کے نظریے کو دفن کر دیا ہے۔ سندھ کے پسماندہ حالات پیپلز پارٹی کی گورننس کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہیں۔ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کا انتقام سندھ کے عوام سے خوب لیا ہے۔ پنجاب کا بلدیاتی نظام ملکی تاریخ کا عوام دوست نظام ہوگا۔